سینٹ مورٹیز:رائلز نے شاہد آفریدی کی قیادت میں مسلسل دوسرے میچ میں پیپلس ڈائمنڈ کو شکست سے دوچار کر دیا ، فاتح ٹیم نے 206رنز کا ہدف 17ویں اوور میں حاصل کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں برف پر کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں رائلز نے ڈائمنڈ پیپلس کو دوسرے میچ میں بھی ہرادیا۔
پیپلس ڈائمنڈز کے کپتان وریندر سہواگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، ڈائمنڈز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 15 رنز کے سکور پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں ، دونوں وکٹیں پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے لیں۔
کپتان وریندر سہواگ نے اننگز کو سہارا دیتے ہوئے 46 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ گرانٹ ایلیٹ کی گیند کا شکار بن گئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز مائیک ہسی تھے جو ڈینئیل ویٹوری کی گیند پر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ٹیم کو مجموعہ اس موقع پر 91 رنز تھا جبکہ اس کی چار وکٹیں گرچکی تھیں۔
یہاں محمد کیف اور انڈرو سائمنڈز کے درمیان شراکت نے ٹیم کو 205 رنز کے اسکور پر پہنچایا۔ کیف 57 بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ سائمنڈز 67 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
رائلز کی جانب سے عبد الرزاق نے تین جبکہ ایلیٹ اور ویٹوری نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں رائلز کے بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ نے ہدف کے تعاقب کو آسان بنادیا اور 17ویں اوور میں بھی ہدف پورا کرلیا گیا۔
جیک کیلس 90، گریم اسمتھ 58 اور اویس شاہ 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلوائی۔
ڈائمنڈز کی جانب سے رمیش پوار اور ظہیر خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔فتح کے ساتھ رائلز نے سیریز دو صفر سے جیت لی۔ شاندار بیٹنگ پر جیک کیلس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ اویس شاہ سیریز کے بہترین کھلاڑی ٹھہرے۔