اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستان میں تخریب کاری کے لئے بھارتی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو بھارتی مداخلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دفترخارجہ میں ہفتہ واربریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت آج تک جواب نہیں دے سکا کہ کلبھوشن یادو کے پاس حسین مبارک کا پاسپورٹ کہاں سے آیا، ہم جنوری 2017 سے بھارتی جاسوس کی ریٹائرمنٹ کی دستاویزات مانگ رہے ہیں بھارت نے ابھی تک وہ دستاویزات بھی نہیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت کی جانب سے ایک ہزار 970 مرتبہ جب کہ گزشتہ ہفتے متعدد بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، 4 فروری کو بھارتی ڈپٹی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج بھی کیا گیا، دوسری جانب بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت بھی پاکستان مخالف بیانات دے رہے ہیں لیکن انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ وہ جو بھی کہہ لیں شہادت مومن کا مطلوب و مقصود ہے اور ہماری افواج ہر بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستان اپنے دفاع کے لئے تمام اقدامات کرے گا۔ڈاکٹرفیصل نے مزید کہا کہ ہرریاست کو خلائی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا پورا حق ہے لیکن یہ حق پرامن مقاصد کے لئے ہونا چاہئے ہتھیاروں کی دوڑ نہیں شروع ہونی چاہئے۔