کیپ ٹاﺅن:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔علیم ڈار نے فلاحی مقاصد کیلئے لاہو ر میں نیا ریسٹورنٹ کھولا ہے جس کی آمدنی سے گونگے، بہرے بچوں کیلئے اسکول قائم کیا جائے گا۔
ویرات کوہلی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ علیم بھائی میں نے سنا ہے کہ آپ نے لاہو ر میں نیا ریسٹورنٹ کھولا ہے ،میں آپ کےلئے دعا گو ہوں کہ جس طرح آپ نے امپائرنگ کے شعبے میں عزت اور شہرت حاصل کی ہے اس شعبے میں بھی اتنا ہی نام کمائیں۔مجھے یہ سن کراور بھی خوشی ہو ئی ہے کہ آپ اس ہوٹل سے حاصل ہونے والی آمدنی سے گونگے بہرے بچوں کیلئے اسکول قائم کرنا چاہتے ہیں۔میں آپ کو بہت بہت مبارک باد دینا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ اس اقدام سے جو حاصل کرنا چاہتے ہوں اس میں کامیاب رہیں۔
کوہلی نے کہا کہ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ایک مرتبہ علیم ڈار کے ہوٹل ضرور جائیں۔
واضح رہے ان دنوں علیم ڈار بھارت اور جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز میں ٹی وی امپائر کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔