سینیٹ انتخابات،29 خواتین میدان میں آگئیں،پی پی کی7 امیدواروں کے کاغذات جمع

09:19 AM, 9 Feb, 2018

اسلام آباد:سینیٹ انتخابات میں29 خواتین میدان میں آگئیں اور پیپلزپارٹی کی 7 خواتین سینیٹر شپ کے کاغذات نامزدگی جمع کرا کے دیگر سیاسی جماعتوں پربازی لے گئی جبکہ (ن )لیگ دوسرے نمبر پر رہی۔

ذرائع کے مطابق ایوان بالا کے انتخابات کیلئے خواتین بھی پیش پیش ہیں اور29امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے جس میں پیپلز پارٹی کی 7 خواتین نے کاغذات جمع کراکے ساری سیاسی جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

اس فہرست میں پاکستان مسلم لیگ (ن ) کا دوسر انمبر ہے جس نے وفاق اور پنجاب کی حکمران جماعت نے 6خواتین امیدوار میدان میں اتاریں۔دیگر جماعتوں میں ایم کیوایم کی 4 پی ٹی آئی کی 3 اور جمعیت علمائے اسلام (ف )کی 2خواتین امیدوار سامنے آئیں۔


بلوچستان سے دو خواتین نے بطور آزاد امیدوار ایوان بالا میں جانے کے لئے پر تول لیے جبکہ پاک سر زمین پارٹی ،بی این پی ،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور قومی وطن پارٹی نے ایک ایک خاتون امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔

مزیدخبریں