فیصل آباد: پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں ہر سال 8 سے 10 فیصد کا اضافہ ہورہا ہے اورملک میں اس موذی مرض کی وجہ سے ہر سال 85 ہزار سے زائد افراد موت کا شکار ہو رہے ہیں جنہیں بروقت تشخیص اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر موت کے منہ میں جانے سے بچایاجاسکتاہے۔
پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کے ماہرین طب نے بتایاکہ پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی تعداد ہر سال 8 سے 10 فیصد بڑھ رہی ہے ۔
ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے ایسے مریض جن کا علاج نہیں ہو پاتا وہ بھی زیادہ ترکینسر کا شکار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں اس موذی مرض کی وجہ سے ہر سال 85 ہزار سے زائد ادفراد موت کا شکار ہو رہے ہیں جن میں نصف تعداد یعنی 40 ہزار ایسی خواتین کی ہے جو چھاتی کے کینسر کی وجہ سے لقمہ اجل بنتی ہیں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں اس وقت بھی کینسر کے مریضوں کی تعداد تقریباً 15 لاکھ سے زائد ہے۔انہوں نے بتایا کہ کینسر کی بر وقت تشخیص اور باقاعدہ علاج سے مریض کی مکمل صحت یابی ممکن ہے۔