مریم نواز کا چین میں مصروف دورہ، مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے

08:05 PM, 9 Dec, 2024

بیجنگ:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے دوران زراعت، ماحولیاتی مسائل، صحت کے نظام، اور ماحولیاتی تبدیلی کے اقدامات کے لیے اہم ملاقاتیں اور معاہدے کیے ہیں۔


مریم نواز نے چینی کمپنی "اے آئی فورس ٹیک" کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کے تحت پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ انہوں نے چینی کمپنی کو زراعت کے فروغ کے لیے روبوٹک مشینری کی مدد کی پیشکش کی۔


مریم نواز نے بلیو ٹیک کلین ایئر الائنس کے ساتھ ماحولیاتی بہتری کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے، جس سے پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی اور فضائی آلودگی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات شروع ہوں گے۔


مریم نواز نے "ہائی جیا" میڈیکل ٹیکنالوجی کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کے تحت کینسر کے علاج کے لیے جدید مشینری کے حصول پر بات چیت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال میں جدید آلات کی تنصیب سے علاج کی سہولت مزید بہتر ہوگی۔


مریم نواز نے بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر سمارٹ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن سسٹم کے قیام کے لیے چین کے تعاون سے نئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

مریم نواز نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں میٹرو ٹرین نیٹ ورک کو بڑھانے اور اورنج لائن جیسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو جدید اور بہتر ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔


مریم نواز نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ چین کے ساتھ شراکت داری سے پنجاب میں معاشی استحکام، صحت کے نظام میں بہتری، ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مریم نواز کے چین کے اس دورے سے مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع کی توقع کی جا رہی ہے۔
 

مزیدخبریں