اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لیے مشاورت کا عمل مزید بڑھایا جائے گا۔ اسلام آباد میں مدارس کی رجسٹریشن اور اصلاحات سے متعلق اجلاس میں پاکستان بھر سے مختلف مکتبۂ فکر کے علماء نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی محکمۂ تعلیم کے تحت مدارس کو رجسٹرڈ کرنے کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جس کا فائدہ یہ ہوا کہ اب تمام تعلیمی ادارے وزارتِ تعلیم کے تحت آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ مذہبی تعلیم کی محنت کے نتیجے میں 18 ہزار مدارس رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جس سے دنیا کو پیغام ملا ہے کہ ہم مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو کامیابی سے مکمل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت علماء کے سامنے ہاتھ باندھ کر سننے کے لیے موجود ہے اور ان کی تجاویز کو نوٹ کیا جا رہا ہے۔