پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، چاہے بات انسانوں سے ہو یا فرشتوں سے، تاہم اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی جائے گی۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ان کی جماعت مسائل کے حل کے لیے مذاکرات میں شریک ہونے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عدل و انصاف کا نظام قائم ہو۔
عمر ایوب نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ قومی حکومت مسائل کا حل نہیں ہے، اور ملک صرف اس صورت میں آگے بڑھ سکتا ہے جب انصاف کا عمل مضبوط ہو۔
دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف، شبلی فراز نے کہا کہ ہمارا وقت قانون سازی کے لیے ہونا چاہیے، مگر بدقسمتی سے ہم اپنا زیادہ تر وقت عدالتوں میں بے بنیاد کیسز میں ضائع کر رہے ہیں۔