کراچی: وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ سندھ، شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی سے سکھر تک بلٹ ٹرین چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاکہ شہریوں کو بہترین سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے حالیہ دنوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔ ان کے مطابق، صرف میڈیکل سیکٹر میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں مقامی افراد کے لیے 50 ہزار ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کراچی میں سستی بسوں کے لیے غیر ملکی کمپنی کو بس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی درخواست بھی کی تاکہ شہریوں کو معیاری اور سستی ٹرانسپورٹ فراہم کی جا سکے۔
سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے، شرجیل میمن نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی ہمیشہ ملک کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے دی جانے والی سول نافرمانی کی کال اور منی لانڈرنگ کے معاملات ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔