پاکستان کی جانب سے ملائیشیا میں سیلاب متاثرین کے لیے 40 ٹن امداد کی پہلی کھیپ پہنچ گئی

10:48 AM, 9 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ برادر اسلامی ملک ملائیشیا کے لیے 40 ٹن امداد کی پہلی کھیپ روانہ کر دی ہے۔ یہ امدادی سامان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے کوالالمپور پہنچا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجی گئی امداد میں خیمے، کمبل، لحاف، سلیپنگ بیگ، چٹائیاں اور لائف جیکٹس شامل ہیں۔

ملائیشیا میں پاکستانی سفارت خانے اور ملائیشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے نمائندوں نے امدادی سامان وصول کیا۔ حکومت پاکستان نے ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم کو مستحکم رکھا ہے۔ امدادی سامان کی دوسری کھیپ آئندہ ہفتے روانہ کی جائے گی۔ملائیشیا میں اس سال مون سون کی شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی، جس سے ملک کی 9 مشرقی ریاستوں کے 38 اضلاع کو شدید نقصان پہنچا ہے اور 9 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اس سے قبل انڈونیشیا میں بھی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہو گئے، اور موسلا دھار بارشوں سے پل بہہ گئے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں تھی۔

مزیدخبریں