دمشق : شام میں باغی ملیشیا "حیات التحریر الشام" کے قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے ہیں۔ بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد، حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ہوائی اڈوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں افراتفری پھیل گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شام کے ہوائی اڈے کی بندش کی وجہ سے تقریباً 250 پاکستانی زائرین وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ شام ونگز کے کنٹری ہیڈ، طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے شام پر قبضے کے بعد ہوائی اڈے کو بند کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں لاہور کے لیے پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 11 دسمبر کو کراچی کے لیے بھی پرواز کینسل ہو گئی ہے۔
پاکستانی زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کی طرف سے آج کے شیڈول کی کوئی واضح معلومات نہیں دی جا رہی، اور دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کی وجہ سے زائرین میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں۔