روس : شام کے معزول صدر بشار الاسد اور ان کے خاندان کے روس پہنچنے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس کے بعد روس نے انہیں سیاسی پناہ دے دی ہے۔ روسی خبر ایجنسیوں اور برطانوی میڈیا کے مطابق، روس نے بشار الاسد اور ان کے خاندان کو پناہ فراہم کی ہے۔
قبل ازیں بشار الاسد کی طیارہ حادثے میں ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی تھیں، جن میں متضاد اطلاعات تھیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بشار الاسد دمشق میں باغیوں کے داخلے سے پہلے ہی ایک طیارے میں نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئے تھے۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے غیر مصدقہ ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ 8 دسمبر کی علی الصبح بشار الاسد IL-76 طیارے کے ذریعے دمشق سے فرار ہوئے، لیکن ان کی موجودگی کی کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔
ریڈار ڈیٹا کے مطابق، بشار الاسد کے طیارے کو 8725 فٹ کی بلندی سے نیچے آتے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ ان کے جہاز کو حادثہ پیش آیا۔ تاہم، بعد میں یہ تمام افواہیں ثابت ہوئیں اور بشار الاسد اپنے خاندان سمیت روس پہنچ گئے ہیں۔