اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اینٹی کرپشن پنجاب کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فواد چودھری کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب کے کیس کی سماعت ہوئی ، جج قاضی ماجد نےے پراسیکیوشن کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن محکمۂ پنجاب کو فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ درکار ہے۔
وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ فواد چودھری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبر ہیں، ملک آئین اور قانون کے تحت نہیں چل رہا۔سیاسی انتقام لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو سیاستدان اچھا نہیں لگتا اسے ہتھکڑیوں میں رکھ دیا جاتا ہے۔
پراسیکیوشن نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت اسلام آباد میں دائر نہیں ہو سکتی کیونکہ فواد چودھری گرفتار ہیں، ر اہداری ریمانڈ کے سٹیج پر کیس کے میرٹ کا فیصلہ نہیں ہو سکتا، فواد چودھری پر بطور وزیر کرپشن کرنے کا الزام ہے۔
بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ قاضی ماجد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چودھری کو ایک روز میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا۔