عمران نیازی کے سستے پاکستان میں بجلی مزید مہنگی ہو گئی، شہباز شریف

11:51 PM, 9 Dec, 2021

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے سستے پاکستان میں بجلی مزید مہنگی ہو گئی ہے۔

انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت الٹی چھری سے قوم کو ذبح کر رہی ہے جبکہ عوام کے سینوں میں کھولتا لاوا اور نفرت ملک کے لیے اچھی علامت نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ ظالم حکومت بے حسی کے ریکارڈ توڑ چکی ہے اور آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سستی ترین حکومت عوام کے لیے تاریخ کی مہنگی ترین حکومت ثابت ہوئی ہے۔

ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ مافیاز کی جیبیں بھرنے والی حکومت کے خلاف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا سروے چارج شیٹ ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ یہ حکومت نہیں، اندھیر نگری چوپٹ راج ہے اور موجودہ حکومت سے نجات میں ہی ملک اور قوم کی حیات ہے۔

خیال رہے کہ  نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق فی یونٹ بجلی 4 روپے 74 پیسے مہنگی کردی گئی ہے۔

نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ بجلی اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں