کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ آغا سراج درانی کے گھر کو سب جیل قرار دینے کا حکم نامہ جاری کرے گا۔ گھر کو سب جیل قرار دینے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری سے کیا گیا۔
آغا سراج درانی کو آج لانڈھی جیل سے ڈیفنس میں ان کے گھر منتقل کیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر سندھ اسمبلی کی آمد و رفت میں خطرات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں حراست میں لیا تھا۔
آغا سراج درانی، ان کی اہلیہ، بچوں، بھائی اور دیگر ملزمان پر مبینہ طور پر غیر قانونی طریقوں سے بنائے گئے ایک ارب 61 کروڑ روپے کے اثاثے رکھنے کا الزام ہے۔ نومبر 2019 میں انہیں نیب نے گرفتار بھی کیا تھا اور اس ریفرنس میں ان کے خلاف فرد جرم بھی عائد ہو چکی ہے۔