لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور انگلینڈ کے بلے باز جیمز وینس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دفاعی چیمپین ملتان سلطانز نے شاہد خان آفریدی اور جیمز وینس کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیساتھ ٹریڈ کر لیا ہے اور اب 12 دسمبر کو ہونے والے ڈرافٹ میں ملتان سلطانز کے پاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نسبت زیادہ کھلاڑی منتخب کرنے کی آپشن ہو گی۔
پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز گزشتہ سال منتخب ہونے والے کھلاڑیوں میں سے 8,8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے میں مصروف ہیں جبکہ کھلاڑیوں کے تبادلے یا انہیں برقرار رکھنے کی ونڈو 10 دسمبر کو بند ہو جائے گی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شاہد خان آفریدی مختلف مواقعوں پر پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں تاہم ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین چاہتے تھے کہ جارح مزاج آل راﺅنڈر اس کی ٹیم میں ہی کھیلیں۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی شدید خواہش تھی کہ شاہد آفریدی اگلے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں اور گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں ملتان سلطانز کا شکریہ بھی ادا کیا تھا کہ انہوں نے میری درخواست مان لی، شاہد آفریدی کے حوالے سے ایک سے دو دن میں اچھی خبر ملے گی اور اب تصدیق ہو گئی ہے کہ شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کی جانب سے چار میچز کھیلتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں اور 3 رنز بنائے تھے جبکہ جیمز وینس نے پانچ میچز میں 174 رنز بنائے تھے تاہم دونوں کھلاڑی ابوظہبی میں ہونے والے میچز نہیں کھیل سکے تھے۔