پاکستان پیپلز پارٹی کا کل پورے ملک میں دھرنے دینے کا اعلان

05:31 PM, 9 Dec, 2021

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کل پورے ملک میں دھرنے دے گی۔ دھرنا مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دیا جائے گا۔

اس بات کا اعلان پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا سعید غنی اور ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو ظلم قرار دے کر پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ آج سے ڈیڑھ سال پہلے کہا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر سید ناصرحسین شاہ گزشتہ 7/8 ماہ سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر تجاویز لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو تو کچھ سمجھ ہی نہیں ہے جب کہ اعتراضات کرنے والے سے سب سے پہلے بینفشری رہ چکے ہیں۔ انہوں ںے استفسار کیا کہ  جماعت اسلامی کے نعمت اللہ خان کس یوسی کے رکن تھے جو ناظم بنے تھے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2017کی مردم شماری پر صوبہ سندھ کے اعتراضات تھے اور مردم شماری میں کراچی سمیت سندھ بھر کی آبادی غلط شمار کی گئی جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا کہ غلط مردم شماری کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں صرف ای وی ایم کا ڈھول پیٹا گیا اور 17 نومبر کو قومی اسمبلی میں ہمارے بل کو بلڈوز کردیا گیا۔ گورنر سندھ جب بلاتے ہیں میں حاضر ہوتا ہوں جبکہ کابینہ میں آج بہت سی تبدیلیاں منظور ہوئی ہیں جو جلد پیش کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گورنر سندھ نے کہا کہ ڈی ایم سی ختم نہ کریں اور یونین کونسلز ہوں گی جن پر مشتمل ٹاؤن ہو گا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آرٹیکل 226 کو دیکھتے ہوئے ہم نے سیکرٹ بیلٹ رکھا ہے۔

مزیدخبریں