اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کراچی میں احسن اقبال اور پارٹی کارکنان پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہعمران نیازی کے حکم پر کراچی میں رینجرز کے ذریعے سیکرٹری جنرل احسن اقبال سمیت پارٹی راہنمائوں اور کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا۔
نیو نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پارٹی کے پرامن کارکنوں پر لاٹھی چارج، تشدد اور بدسلوکی قابل مذمت اورانتہائی افسوسناک ہے اس پر شدید احتجاج کریں گےواقعہ کی اعلی سطح تحقیقات کرائی جائے۔ ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے سیاسی وجمہوری کارکنان پر بہیمانہ تشدد ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال گرین لائن منصوبے کا علامتی افتتاح کرنے پہنچے تو احسن اقبال کی رینجرز اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی۔ ہجوم کے دوران احسن اقبال کو دھکے بھی پڑے۔ رینجرز اہلکاروں نے مسلم لیگی رہنماؤں کو گرین لائن منصوبے کے پل پر جانے نہیں دیا۔
ن لیگی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ رینجرز اہلکاروں نے ہمارے ساتھ ہاتھا پائی کی اور ہمیں پل پر جانے نہیں دیا۔لیگی رہنماؤں نے نعرے بازی بھی کی۔
بعد ازاں احسن اقبال ، سابق گورنر سندھ محمد زیبر اور دیگر رہنماؤں نے فٹ پاتھ پر ہی علامتی افتتاح کردیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نواز شریف کا تھا اسی لیے ہم نے اس کا افتتاح کیا۔ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے یہ منصوبہ 3 سال تاخیر کا شکار ہوا۔