اداکارہ وینا ملک نے دوسری شادی کی خواہش ظاہر کردی

03:28 PM, 9 Dec, 2021

لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ وہ دوسری شادی کسی دین دار آدمی سے کرنا چاہتی ہیں ۔ میں اس کو زندگی میں شامل کرنا چاہتی ہوں جس کو اللہ کا ڈر ہو اور وہ اپنی بیوی کے ساتھ غلط نہ کرے ۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ وینا ملک نے نجی چینل سے انٹرویو کے دوران دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ شادی کسی ایسے شخص سے کرنا چاہتی ہوں جو مذہبی سوچ رکھتا ہو۔

انٹرویو کے دوران  دوسری شادی کے سوال پر وینا ملک کا کہنا تھا کہ میں جب بھی ان شاء اللہ دوسری شادی کروں گی، کسی دین دار انسان سے کروں گی۔ وینا ملک نے کہا کہ میں ایسے شخص سے شادی کرنا چاہوں گی جو خوبصورت ہو، ساتھ ہی میرے ساتھ تعلق کو نہ صرف دنیا میں نبھائے بلکہ جنت تک میرا ہم قدم رہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک دین دار شخص سے شادی کرنا پسند کروں گی کیونکہ جو شخص اللہ تعالیٰ سے ڈرتا ہے وہ اپنی بیوی کے ساتھ غلط نہیں کرسکتا اور جو شخص اللہ سے نہیں ڈرتا وہ بہت ظالم شخص ہوتا ہے۔

وینا نے مزید بتایا کہ ابھی تک تو ان کے پاس دوسری شادی کے لیے کوئی شخص نہیں ہے لیکن جلد ہی کوئی نہ کوئی ان کے لیے اس دنیا میں ضرور موجود ہوگا۔ 

واضح رہے کہ وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں جب کہ انہوں نے 2017 میں اسد خٹک سے خلع لے لی تھی تاہم وینا ملک اور ان کے سابق شوہر اسد خٹک کے بچوں کی حوالگی کا کیس   زیر سماعت ہے ۔ 

مزیدخبریں