اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے آصف زرداری کا نواز شریف سے متعلق بیان افسوسناک ہے۔نواز شریف کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ سے ناقابل تردید رہی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ زرداری صاحب ! آپ وہ حالات جانتے ہیں نوازشریف کو جن حالات میں بیرون ملک جانا پڑا؟،ہمیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے اور ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں زیادہ ووٹ لینے پر لاہور کے بلاول ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرت ہوئے آصف علی زرداری نے نواز شریف کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اس کا یہاں کیا ہے؟ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جیلیں کاٹی ہیں پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں بھٹو صاحب نہ بستے ہوں بے نظیر کی بات ہی اور ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے مگر ہم بچائیں گے۔ 1977 کے بعد میاں صاحب حلقے ذات برادری کی بنیاد پر بناتے رہے۔ ہم پورے پنجاب میں ہر حلقہ تبدیل کریں گے کیونکہ ن لیگ والے ہماری دھرتی کے خلاف ہیں، جو دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اسکے پاس کیا ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہماری کمزوریاں ہمارے آگے آتی ہیں ۔پورے پنجاب میں ہر جگہ ہر محلے میں ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں۔