نئی دہلی: بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت نے ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے بعد زخمی حالت میں مقامی افراد سے بات چیت کی تھی اور عینی شاہد کا کہنا ہے کہ بپن راوت نے پینے کیلئے پانی مانگا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے ہیلی کاپٹر واقعے کے ایک عینی شاہد شیو کمار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے جا رہا تھا کہ اسی دوران ائیرفورس کے ہیلی کاپٹر کو آ گ میں لپٹے اور گرتے دیکھا جس کے بعد میں اور دیگر افراد جائے وقوعہ پر پہنچے۔
شیو کمار نے دعویٰ کیا کہ بھارتی جنرل بپن راوت حادثے کے بعد زندہ تھے۔ ہم نے تین لاشیں گرتے ہوئے دیکھیں جبکہ ایک آدمی زندہ تھا جسے ہم نے چادر کی مدد سے ملبے سے باہر نکالا جس کے بعد اس نے ہم سے پانی مانگا، جس آدمی سے میں نے بات چیت کی تھی وہ جنرل بپن راوت تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس سٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز، فضائیہ کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے جو تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہوا۔