حکومت یا اپوزیشن کے دل میں عوام کا درد نہیں ،تجزیہ کا ر

10:38 PM, 9 Dec, 2020

لاہور،سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی  نے کہا ہے کہ اپوزیشن آج جو باتیں کررہی ہے وہ سب منافقت جھوٹ اور فراڈ پر مبنی باتیں ہیں ۔ پی ڈی ایم کاکوئی منطق کوئی اسلوب نہیں ہے  ۔ آج پی ڈی ایم جو باتیں کررہی ہے چند ماہ قبل یہی باتیں عمران خان کررہے تھے ۔وہ پروگرام آج عائشہ احتشام کے ساتھ میں گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن یا حکومت کے دلوں میں عوام کا کوئی درد نہیں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی استعفے نہیں دینا چاہتی وہ سندھ نہیں چھوڑنا چاہتی ۔ن لیگ کے کئی لوگ استعفوں پر راضی نہیں ۔ شہبازشریف نہیں چاہتے کہ ہم استعفے دیں لیکن نوازشریف اور مریم نواز کے درمیان اس پر کافی مرتبہ بات ہورہی ہے ۔ ان سب کو سوٹ یہ کرتا ہے کہ عمران خان گھر جائیں اور یہ سب لوگ دوبارہ سے سسٹم کا حصہ بن جائیں ۔ پی ڈی ایم والے ابھی تک ایک پیج پر نہیں ہیں ۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ساری ن لیگ استعفے دے دیتی ہے توحکومت ضمنی الیکشن کی طرف نہیں جاسکتی ۔پی ڈی ایم دیکھ رہی ہے کہ اگر تیرہ دسمبر کو جلسہ بڑا ہوگیا تو پھر یہ لانگ مارچ کا فیصلہ کریں گے ۔ جس طرح مولانا اور نوازشریف سوچ رہے ہیں اگر ہوجاتا ہے تو پھر نئے الیکشن کی طرف بات جائے گی ۔ 

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بہت سمجھداری سے چل رہے ہیں وہ موڈ دیکھیں گے اور پھر کوئی حتمی فیصلہ کریں گے ۔ اگر وزیراعظم کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن کے پیچھے کچھ ملک ہیں تو یہ بہت اہم بات ہے ۔ صرف پشاور میں حکومت نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جس کی وجہ سے بہت پھس پھسا جلسہ ہوا ۔ لاہور کے جلسے میں چھوٹی چھوٹی باتیں بڑی کردی گئی ہیں گراؤنڈ میں پانی لگانا ڈی جے بٹ کو پکڑنا اس سے جلسے کو اہمیت مل رہی ہے ۔ 

مزیدخبریں