سیاسی جماعتیں وبا سے بچنے کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز کو فالو کریں، لاہور ہائیکورٹ

07:14 PM, 9 Dec, 2020

لاہور: ہائیکورٹ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا لاہور میں 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے کو رکوانے کے خلاف درخواست کا فیصلہ سُناتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں وبا سے بچنے کے حکومتی گائیڈ لائنز کو فالو کریں۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن کی جانب سے یہ فیصلہ جاری کیا گیا اور چودہ صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا گیا کہ جلسہ کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو جلسہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق پنجاب حکومت دو روز میں فیصلہ کرے۔

عدالت نے اپنے جاری کردہ تحریری حکم میں یہ بھی کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔ تحریری حکم میں میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور افراد وبا سے بچنے کے لئے حکومت کی جانب سے مرتب کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کریں اور اس موقع پر انتظامی معاملات میں عدالت کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمام متعلقہ ادارے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات پر من و عن عمل کرنے کو یقینی بنائیں۔ 

خیال رہے کہ آج پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم کے فیصلے کل ہو چکے ہیں اور ان فیصلوں پر عمل درآمد بھی ہو گا اور ہماری تحریک کا ہونے والا 13 دسمبر کو جلسہ بہت ہی اہم ہو گا اور اگر حکومت نے ایک راستہ روکا تو پھر دوسرا راستہ بنائیں گے اس کے باوجود بھی اگر حکومت نے دوسرا راستہ روکا تو پھر ہم تیسرا راستہ بنا لیں گے لیکن اپنے کئے فیصلوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ استعفے کب دینے ہیں اس کا فیصلہ اگلے لائحہ عمل میں طے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں پہیہ جام اور اسلام آباد مارچ کا شیڈول طے ہو گا۔ حکومت والے کہتے ہیں جلسہ نہیں روکنا تو پھر دوسری طرف اوچھے ہتھکنڈے کیوں استعمال کئے جا رہے ہیں۔ حکومت مینار پاکستان کو ڈیم بنا رہی ہے تاکہ جلسہ نہ ہو سکے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا اگر ان اسمبلیوں سے سینیٹ کے الیکشن ہوئے تو وہ بھی جعلی ہوں گے لیکن ہم نے جمہوریت کی بقا اور آئین کی بات کرنی ہے ۔

مزیدخبریں