لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر سے حکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ لیگی رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا یہ ملک آئین کے حساب سے نہیں چل رہا اور تحریک انصاف کی حکومت میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ڈھائی سال میں مہنگائی کا موازنہ ہمارے دور سے کر لے۔ حکومت نے اپنے نئے پاکستان میں صرف تباہی کی اور ایک کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا اور اس وقت بھارت، سری لنکا سمیت پورے ریجن میں پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام غربت میں اضافہ کرنا نہیں ہوتا بلکہ اس کا کام فیکڑیاں لگانا اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہوتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں فروغ پانے والی معیشت تباہ ہو گئی ہے بلکہ بڑے چھوٹے تمام ہی کاروبار مندے میں جا رہے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا ہمارے نزدیک ملک میں اس وقت آئین و قانون کی بالادستی نہیں ہے اور یہ پہلی حکومت ہے جو احساس پروگرام کے ذریعے ایڈ دلوا کر فخر محسوس کرتی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا سب کا متفقہ فیصلہ ہے جو مولانا فضل الرحمان نے کیا ہے اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں اپنے استعفے انہیں جمع کروائیں گے جبکہ مینار پاکستان میں جلسہ لازمی ہو گا اور اس کے متعلق کوئی دو رائے نہیں ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق منصوبے چل رہے ہیں جس پر یہ تختی لگا رہے ہیں۔