سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم نئی حکومت سے تبدیلی کی امید لگا لیتی ہے اور یہ سمجھتی ہے حکومت بٹن دبائے گی اور تبدیلی آ جائے گی لیکن اس وقت شہر پھیل رہے ہیں اور منصوبہ بندی نہیں کی گئی لیکن ہماری حکومت ہر شہر کا ماسٹر پلان بنا رہی ہے اور شہروں کا سیوریج سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب سیالکوٹ میں ترقیاتی کام نظر آئیں گے کیونکہ سیالکوٹ کے لیے 17 ارب روپے کا پیکج دیا ہے اور سیال ایئر لائنز پر بزنس کمیونٹی کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیشنل ڈائیلاگ سے پیچھے نہیں ہٹا بلکہ سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے اور پارلیمنٹ میں سوالوں کے جوابات دینے کیلئے تیار ہوں اور جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بڑا چیلنج ملک کو بحران سے نکالنا تھا اور ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے جبکہ اپوزیشن سے بات کریں تو وہ مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں لیکن حکومت ہر مسئلے پر بات کرنے کو تیار ہے تاہم این آر او پر بات نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں سیالکوٹ ایکسپورٹرز کا سینٹر بنے گا۔ کراچی، فیصل آباد بھی ایکسپورٹ کیلئے سب سے بہترین علاقے ہیں اور حکومت کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے۔
وزیر اعظم نے بتایا تاجر برادری کے ایف بی آر اور دوسرے محکموں سے متعلق مسائل حل کریں گے کیونکہ میں ملک پیسہ آئے گا تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔
نجی ائر لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا گیا تو پھر اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بھی بچا سکیں گے کیونکہ ملک میں دولت بڑھنے تک لوگوں کو غربت سے نہیں نکال سکتے۔ سی پیک ذریعے چینی حکومت اب ملک کے مغربی حصے کو اوپر اٹھانا چاہتی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے تحت میٹروپولیٹن سٹی کا نظام بھی متعارف کروایا جائے گا اور اپریل کے بعد ڈائریکٹ میئر کے انتخابات کرائیں گے۔