لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کی دوسری لہر نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ حالیہ دنوں میں اس موذی مرض سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 60 افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 9 دسمبر کو ایکٹو کیسز کی تعداد پینتالیس ہزار تین سو چوبیس ہے جبکہ اموات کی تعداد آٹھ ہزار پانچ سو سنتالیس ہو گئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں انتقال کرنے والوں میں اکثریت پنجاب اور سندھ میں تھی۔
این سی او سی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق انتقال کرنے والے 60 افراد میں 39 وینٹی لیٹر پر تھے۔ ملک میں چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی وبا سے مزید 60 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
عالمی صورتحال کے پیش نظر لاہور کے 55 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا ہے جو 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ملک میں سب سے زیادہ مثبت کیسز کا تناسب کراچی میں 21.80 فیصد جبکہ دوسرے نمبر پر میرپور آزاد کشمیر ہے جہاں مثبت کیسز کا تناسب 18.31 فیصد رہا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عالمی وبا کی صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ دوسری لہر میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ عوام اس وبا سے بچنے کیلئے ایس او پیز کو لازمی اختیار کریں۔
انہوں نے عوام سے سماجی فاصلہ اختیار کرنے، ماسک کا استعمال کرنے، بار بار ہاتھ دھونے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ناصرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔ جس طرح عوام نے عالمی وبا کی پہلی لہر میں ہدایات پر عمل کرکے اسے شکست دی، وہ اب بھی انھیں اختیار کرکے اسے ناکام بنا سکتے ہیں۔