ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے دائیں ہاتھ کے بلے باز ڈیوڈ وارنر بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ گزشتہ دنوں انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر سڈنی میں ری ہیب کے عمل میں حصہ لیں گے۔ آسٹریلیا اور بھارت کا پہلا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ 17 ستمبر سے ایڈلیڈ میں شروع ہوگا۔
27 اکتوبر 1986ء کو پیدا ہونے والے ڈیوڈ وارنر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ آسٹریلین کرکٹ کی 132 سالہ تاریخ میں ڈیوڈ وارنر وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنھیں فرسٹ کلاس کرکٹ کے تجربے کے بغیر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
ڈیوڈ وارنر نیو ساؤتھ ویلز اور سڈنی تھنڈر کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے۔ انہوں نے 2015ء اور 2018ء کے درمیانی عرصہ میں اپنی ٹیم کے نائب کپتان کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
2017ء میں ڈیوڈ وارنر کو دوسری مرتبہ ایلن بارڈر میڈل حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ 28 ستمبر 2017ء کو ڈیوڈ وارنر نے ایک اور تاریخ رقم کی۔ انہوں نے اس دن اپنا 100واں ٹیسٹ کھیلا اور آسٹریلیا کی جانب سے پہلے اور پوری دنیا میں ایسے آٹھویں بلے باز بنے جنہوں نے اپنے سوویں میچ میں سنچری سکور کی۔
مارچ 2018ء میں ڈیوڈ وارنر کو جنوبی افریقا کیخلاف ایک میچ میں بال ٹیمپرنگ کے الزام میں ایک سال کیلئے تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے سے روکتے ہوئے معطل کر دیا گیا۔
انہوں نے اس کے بعد کھیل کے میدان میں کامیاب واپسی کی اور نومبر 2019ء میں پاکستان ٹیم کیخلاف کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ میں 335 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔ ڈیوڈ وارنر کا شمار دنیائے کرکٹ کے ممتاز کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔