لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں 3 لوگ ایسے ہیں جو وزیراعظم بننا چاہتے ہیں اور شیروانیاں تیار کر کے بیٹھے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی زبان سے نکالا ہوا ایک ایک لفظ خود کو سننا پڑ رہا ہے اور عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی معیشت نیچے جا رہی ہے اور ان کی وجہ سے تو خود پی ٹی آئی بھی نیچے جا رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اتفاق رائے سے 2 ماہ کے لیے نیا وزیراعظم لایا جائے جو انتخابی اور اقتصادی اصلاحات لائے اور اس کے بعد نئے عام انتخابات کرائے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے حلیف خود بھی بہت پریشان ہیں اور عمران خان 4 سے 5 غیر منتخب پیاروں میں گھرے ہوئے ہیں جس کے باعث پی ٹی آئی کے منتخب ارکان بھی اس بات سے پریشان ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان معیشت سے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں، منہگائی بد ترین سطح پر ہے اور تاجر پریشان ہیں، ہمارا کوئی مائنس ون ایجنڈا نہیں بلکہ صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، عمران خان مزید 6 ماہ رہ گئے تو پاکستان ناقابل اصلاح ہوجائےگا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ تحریک انصاف میں تین لوگ ایسے ہیں جو وزیراعظم بننا چاہتے ہیں اور شیروانیاں تیار کر کے بیٹھے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ارکان کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے باعث اپوزیشن معاملہ سپریم کورٹ لے گئی ہے جبکہ اس وقت ملکی ذرائع ابلاغ پر حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے مائنس ون سے متعلق بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔