ریاض: قطر ، سعودی تعلقات میں برف نہ پگھلی، امیر قطر نے خلیج تعاون کونسل اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت خلیج تعاون کونسل اجلاس آج ہوگا۔ ایک روزہ اجلاس میں ایران سے تعلقات، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور خطے میں سیکیورٹی اور یمن جنگ کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔ جبکہ قطر کی جانب سے ریاستی وزیر اجلاس میں نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی ممالک کی تنظیم کے 9 دسمبر کو منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کے امیر کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ بھیجا تھا۔
خیال رہے گزشتہ ہفتے قطر نے ’اوپیک‘ سے اپنی 60 سالہ رفاقت کو ختم کر کے رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ سعودی عرب کی جانب سے جی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کو مدعو کرنے کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سعودی عرب، مصر، بحرین،عرب امارات نے قطر پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگا کر تعلقات منقطع کر دیئے تھے۔