کراچی : گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب ایم کیو ایم کی محفل میلاد میں کریکر دھماکے سے سات افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقہ گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کوجوہر چونگی کے قریب نجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی ہونے والوں میں ثمینہ،بابر،شہریار،حسن ،فیضان اور احمد شامل ہیں۔
Video of Gulistan-e-Jauhar, after blast in MQM's mehfil e milad pic.twitter.com/wnvQZdvHDx
— Uzair (@Uzairsiddiqui_8) December 8, 2018
بی ڈی ایس سکواڈ کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا جبکہ بارودی مواد میں بال بیرنگ بھی شامل تھے،جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔دھماکہ محفل میلاد کے قریب ہوا جس میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔پی ایس پی رہنما مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے ہیں۔بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دیسی ساختہ کریکر میں 300 گرام بارودی مواد کا استعمال کیا گیا جبکہ کریکر کو پلاسٹک کین میں تیار کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے فٹ پاتھ کا تقریباً ڈیڑھ فٹ حصہ ٹوٹ گیا۔