ممبئی: بالی ووڈ کی نئی کامیڈی فلم ”فقرے ریٹرنز“ نے ریلیز کے ساتھ ہی اپنی آمدنی کا دھماکے دار آغاز کر دیا۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن بھارتی 8 کروڑ 10 لاکھ روپے کما کر نہ صرف اپنی پہلی فلم کا ریکارڈ توڑ دیا، بلکہ رواں ماہ ریلیز ہونے والی متعدد فلموں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ”فقرے ریٹرنز“ نے پہلے روز 8 کروڑ 10 لاکھ روپے کما کر خود سے ایک ہفتہ قبل ہونے والی فلموں کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔”فقرے رٹرنز“ نے پہلی ہی دن ریکارڈ کمائی کرکے یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی کپل شرما کی دوسری بولی وڈ فلم ”فرنگی“ کو بھی ایک دن کی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔فرنگی نے 9 دسمبر تک مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے کمائے تھے، جب کہ اس فلم کی ہفتہ بھر کی کمائی ”فقرے ریٹرنز‘ ‘کی ایک دن کی کمائی کے برابر تھی۔
پروڈیوسر رتیش سدھوانی کی اس فلم کی ہدایات مرغدیپ سنگھ لمبا دی ہیں، اور اسے ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے ریلیز کیا گیا۔ ”فقرے ریٹرنز“ کی کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہے، جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم ہوئی تھی، اس بار ”بھولی پنجابن‘ ‘(ریچا چڈا) جیل سے نکل کر ”فقرے بوائز“ کے ساتھ پنگے کرتیں نظر آتی ہیں۔سیریز کی پہلی فلم ”فقرے“ میں چاروں دوستوں نے مل کر بھولی پنجابن کو جیل بھیج دیا تھا۔