لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کریں گے،منصوبہ عوام کو باوقار سفری سہولیات فراہم کریگا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب حکومت کو اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کا گرین سگنل ملنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا، اس موقع پر سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ شہبازشریف نے جین مندر کے قریب انڈرگراؤنڈ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا جہاں خواجہ حسان نے وزیراعلی کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے پوری جان لگا دیں گے،انہوں نے کہا یہ منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا، منصوبے میں تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کریں گے۔