کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمیں عزیز آباد میں جلسہ کرنے سے روکا گیا۔ پارٹی میں موجود نادان دوست اور مخالفین کو بتانا چاہتے ہیں کہ شہداء نے قربانی عظیم مقصد کے لیے دی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت یوم شہداء کی تقریب کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی کے ایم سی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس میں ایم کیو ایم کے جاں بحق کارکنوں کے لواحقین نے خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق سمیت تمام شہدا نے عظیم مقصد کے لیے قربانی دی جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ دو ہزار اٹھارہ میں ایم کیو ایم کا وزیر اعلیٰ حلف اٹھائے گا۔ متحدہ کو حلوہ سمجھ کر کھانے والے اپنے انجام سے ڈریں۔
تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کے نام پر سیاست نہیں کرنی۔ یہ عہد کرنا ہے کہ جن مقاصد کی وجہ سے قربانیاں دی گئیں انہیں فراموش نہ کیا جائے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر کو نشتر پارک میں منعقدہ جلسہ تمام مخالفین کے منہ بن کر دے گا۔ یوم شہداء کی تقریب کے بعد ڈاکٹر عمران فاروق کی والد کے ہمراہ فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں نے تحریک کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔