اللہ تعالیٰ نے زمین پر انسانوں کیلئے بے شمار نعمتیں عطا کیں، جن میں بہت سی ضروریات زندگی جن میں خوراک، پانی، پناہ گاہ اور خدا کی دیگر قدرتی تحفے شامل ہیں، غذا دنیا میں ہر انسان کیلئے ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ کے پیارے حبیب حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کی عادت مبارک یہ تھی کہ جس قسم کا کھانا سامنے آتا اسے تناول فرما لیتے اور نہ ہی کسی خاص قسم کے کھانے کے لئے اہتمام فرماتے۔ہمارے حضور نبی محمدؐ ان غذاؤں کو انکے ذائقے اور فوائد کے وجہ سے بہت پسند فرماتے تھے۔
کھجور: کھجور اہل عرب عموماً خوراک کے طور پر استعمال کرتے تھے ، حضور نبی کریمؐ نے کھجور کی بڑی تعریف فرمائی خصوصاً عجوہ کھجور کی۔حضور نبی کریمؐ کو کھجور بہت زیادہ پسند تھی اور اس کا بہت استعمال فرماتے تھے۔
رسولؐ کا ارشاد ہے کہ جو شخص روزانہ صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیا کرے اسے اس دن زہر اور جادو سے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
فوائد: کھجور ایک مقوی غذا ہے۔ سب پھلوں میں سے زیادہ توانائی بخش ہے۔ جسم انسانی کو جس قدر حیاتین کی ضرورت ہوتی ہے اسی قدر کھجور میںہے۔ کھجور جسم کو فربہ کرتی ہے۔ صالح خون پیدا کرتی ہے۔ سینہ اور پھیپھڑوں کو قوت بخشنے کے لیے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔
روغن زیتون:حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ نے روغن زیتون کو بہت پسند فرمایا ہے، نبی کریم روٹی کو روغن زیتون سے چوپڑ کر تناول فرمایا۔قرآن میں زیتون کا ذکرآیا ہے ،رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ زیتون کا تیل کھاﺅ اور مالش میں استعمال کرو۔ اس لئے کہ وہ مبارک درخت سے پیدا ہوتا ہے
فوائد:زیتون کا تیل دنیا کاواحد تیل ہے، جو چربی میں تبدیل نہیں ہوتا یہ امراض قلب اور موٹاپے سے بچنے کیلئےانتہائی مفید ہے، روغن زیتوں استعمال کرنے والے افراد دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتےہیں۔زیتون جوڑوں اورپٹھوں کے درد، سانس کی بیماریوں، کولیسٹرول کےمسائل، بلڈ پریشر، گردوں کےامراض، موٹاپے اورفالج سمیت مختلف امراض سے انسان کو محفوظ رکھنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
دودھ:دودھ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پسندیدہ غذا رہی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دودھ بہت پسند تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم اکثر گائے اور بکری کا دودھ استعمال فرماتے۔
فوائد: حضرت انسان کے لیے ایک مکمل غذا ہے اور اس سے بہتر غذا شاید ہی ہو۔ دودھ میں جسم کی ضرورت کے مطابق تمام اجزا موجود ہیں جن سے جسم صحت مند رہ سکتا ہے اور اس کی نشونما صحیح ہو سکتی ہے۔ جن علاقوں کے لوگ دودھ استعمال کرتے ہیں ان کی عمریں زیادہ ہوتی ہیں۔
شہد: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو شہد بہت پسند تھا۔ اور اس کا بہت استعمال فرماتے تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم شہد پسند فرماتےتھے۔ شہد کی شفا بخشی کا ذکر قرآن میںبھی آیا ہے اور اسے موت کے علاوہ ہر مرض کا علاج قرار دیا گیا ہے۔
فوائد: شہد کے بارے میں یہ بات طے شدہ ہے کہ یہ بہت سے امراض میں مفید ہے۔ اور اس کا استعمال جسم کو امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ تمام تر کاوشوں کے باوجود اب تک شہد کا متبادل تلاش نہیں کیا جا سکا۔ شہد کی ایک خوبی اس کے رس کا جلد اثر کرنا اور قدرتی انٹی بایوٹک ہونا ہے۔ یہ حلق سے نیچے اترتے ہی خون میں شامل ہو جاتا ہے۔ نوزائیدہ بچے سے لے کر جاں بلب مریض تک سب کے لئے غذا اور دوا ہے۔
کدو: حضور اکرم کو سبزیوں میں کدو بہت پسند تھا۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے حدیث مروی ہے کہ آپ ﷺ کو ایک دعوت میں جو کی روٹی اور کدو گوشت کا شوربہ پیش کیا گیا، میں نے حضور نبی کریم کو دیکھا کہ پیالے کے کناروں سے کدو تلاش فرما کر تناول فرما رہے تھے۔ میں اس روز کے بعد ہمیشہ کدو کو پسند کرنے لگا۔
کدو ایک سبزی ہے، جو ذائقہ میں لذیذ اور تاثیر میں زود ہضم ، صحت بخش اور دماغی صلاحیتوں کو بڑھانے والا ہے، کدو مفرح قلب، جگر اور اعصاب کے لیے مفید سبزی ہے۔