شاہ رخ اور ماہرہ کی فلم ”رئیس“ کے ٹریلر نے تاریخ رقم کردی

10:33 AM, 9 Dec, 2016

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی نئی آنے والی فلم ”رئیس“ کے ٹریلر نے دھوم مچادی اورکئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے مداح فلم ”رئیس“کی نمائش کا بڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فلم کے ٹریلر نے جاری ہوتے ہی تاریخ رقم کردی ہے۔ 

فلم ”رئیس“ کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر ریلیزکے 3 گھنٹے 35 منٹ میں ہی ایک لاکھ سے زائدافراد نے پسند کیا جس کے بعد یہ کسی بھی بالی ووڈ فلم کا سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کرنے والا ٹریلر بن گیا ہے جب کہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ”دنگل“ کے ٹریلرکو 8 گھنٹے 48 منٹ میں اتنی ہی مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔
فلم ”رئیس“ کا ٹریلر یوٹیوب پر بھی مقبولیت کی انتہا کو پہنچ گیا ہے اور اسے یو ٹیوب پر 20 گھنٹے میں ایک کروڑسے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جو کہ کسی بھی بالی ووڈ فلم کے ٹریلرکا منفرد ریکارڈ ہے۔ دوسری جانب فلم نگری کے بڑے بڑے نام بھی فلم کا ٹریلر دیکھ کر حیران ہیں اورکئی نے کنگ خان اور ہدایتکار کے گن گانے شروع کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ شاہ رخ خان، نواز الدین صدیقی اور ماہرہ خان کی فلم ”رئیس“26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزیدخبریں