"دیدی تیرا دیور دیوانہ۔۔"،  "ہم آپکے ہیں کون" کا جادو 30 سال بعد بھی برقرار ، نشا اور پریم کی جوڑی دوبارہ بڑی سکرین کی زینت بن گئی

 ممبئی:بالی وڈ کی فلم   "ہم آپکے ہیں کون" کا جادو 30 سال بعد بھی برقرار ہے،  نشا اور پریم کی جوڑی دوبارہ بڑی سکرین کی زینت بن گئی ۔ مادھوری اور سلمان کے چاہنے والوں کے لیے خوشخبری یہ ہےکہ ان کی فلم" ہم آپ کے ہیں کون " کو تیس برس  مکمل ہونے پر  دوبارہ ریلیز کیا  جائے گا۔ راجشری فلمز نے فلم اور اداکاروں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے یہ  اہم  فیصلہ کیا ہے۔ 


فلم کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر، راجشری فلمز نے بھارت کے    سینمائوں  میں فلم کی دوبارہ خصوصی ریلیز کا شیڈول بنایا ہے جس کا اعلان راجشری فلمز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ میں کیا۔راجشری فلمز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ فلم ‘ہم آپ کے ہیں کون’ کے ساتھ محبت، دوستی اور گھریلو پیار کے جادو کو دوبارہ زندہ کریں کیونکہ یہ فلم 9 اگست سے  منتخب سینما گھروں میں دوبارہ ریلیز ہوگی۔


‘ہم آپ کے ہیں کون’ کے میگا ہِٹ گانوں، یادگار کرداروں، سلمان خان اور مادھوری ڈکشٹ کے درمیان بےمثال کیمسٹری نے اس فلم کو ہر عُمر کے مداحوں کے درمیان مقبول بنایا، کئی سال گزر جانے کے باوجود بھی مداح اس فلم کو بہت پسند کرتے ہیں۔

5 اگست 1994 کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایتکاری سورج آر بارجاتیا نے کی تھی جبکہ اسے راجشری پروڈکشنز نے پروڈیوس کیا تھا۔سلمان خان اور مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ، فلم کی دیگر کاسٹ میں انوپم کھیر، رینوکا شہانے، ریما لاگو، موہنیش بہل اور آلوک ناتھ شامل تھے۔


فلم ‘ہم آپ کے ہیں کون’ ساڑھے 4 کروڑ بھارتی روپوں کے بجٹ سے بنائی گئی تھی جبکہ اس فلم نے دنیا بھر میں تقریباً 135 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
" ہم آپ کے ہیں کون"، کے گانے سدا بہار گانے ہیں ۔" دیدی تیرا دیور"، "جوتے دو پیسے لو"،"پہلا پہلا پیار"،" موسم کا جادو"،"بابل"،" ہم آپ کے ہیں کون "،" لو چلی میں"  گانوں کو آج بھی سنا  جاتاہے۔

مصنف کے بارے میں