اسلام آباد : امام مسجد نبوی ﷺ شیخ صالح محمد بن البدیر کی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس آمد ،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان کا پارلیمنٹ ہاؤس آمدپر گرم جوشی سے استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ بھی موجود تھے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز امام مسجد نبوی ﷺ شیخ صالح محمد بن البدیر کی تلاوت سے ہوا۔شیخ صالح محمد بن البدیر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کی کارروائی دیکھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے امام مسجد نبوی ﷺ شیخ صالح محمد بن البدیر اور ان کے وفد کو قومی اسمبلی کے ایوان میں آمد پر خوش آمدید کہا، اور مسرت کےاظہار میں انہو ں نے کہا کہ امام مسجد نبوی ﷺ کی ایوان میں موجودگی ہمارے لیے فخر اور روحانی اطمینان کا باعث ہےتمام ممبران آپ کو اپنے درمیان پا کر خوشی اور مسرت محسوس کر رہے ہیں۔