اسلام آباد: پاکستان نے بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ مظاہروں میں ملوث ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا کی تمام رپورٹس مسترد کر دیں۔پاکستان مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کی، نائب وزیراعظم نے کانفرنس میں اسرائیل کے غزہ میں ظلم و بر بریت کو اجاگر کیا۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نےکشمیریوں کے لیے یوم استحصال منایا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔
امریکہ میں گرفتار پاکستانی شہری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم نے اس حوالے سے امریکی بیان دیکھا ہے، امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، ہم اس کیس کی امریکی انتظامیہ سے تفصیلات کے منتظر ہیں۔
بنگلہ دیش کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مثبت تعلقات ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کیا
ان کا مزیدکہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے واقعات میں پاکستان کےملوث ہونے کی تمام رپورٹس مسترد کرتے ہیں، ایسی رپورٹس محض بھارت کے پاکستان کے بارے میں ذہنی جنون کی عکاسی کرتی ہیں۔