کراچی : پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش شروع ہو گئی۔ سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا ۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سونے کے تاج اور اسپورٹس اسٹیڈیم کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جیولین تھرو ایونٹ کے فاتح گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے 10 لاکھ روپے انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا رکارڈ بنایا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا۔
مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں ۔ ان کی کامیابی ہم سب کے لیے باعث فخر ہے ، سندھ حکو مت کی جانب سے ارشد ندیم کو انعامی رقمکے ساتھ دیگر قیمتی تحائف سے بھی نوازہ جا ئے گا۔
چئیر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کیلئے تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ۔بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اولمپئن ارشد ندیم نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں ۔