تہران: ایران میں کورونا وبا ایک بار پھر بے قابو ہو گئی ہے اور ایک دن میں 588 اموات کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا ہے۔
برطانوی خبر ادارے کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر 2 منٹ بعد ایک شخص کورونا سے ہلاک ہورہا ہے اور ایک دن میں 588 اموات کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا ہے۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کی جارہی، جسے یقینی بنانا ضروری ہے۔ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اورکئی شہروں کے اسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے بستر ختم ہو چکے ہیں۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سست ویکسینیشن پر حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ 8 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں اب تک صرف 4 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔
ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ کورونا سے کل اموات 94،603 تک پہنچ گئی ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 40،808 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران میں ہر2 سیکنڈمیں ایک شخص کورونا سے متاثر ہورہا ہے اور تقریباً ہر 2 منٹ میں ایک شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہورہا ہے۔
اگر اس کا موازنہ گزشتہ مہینے سے کیا جائے تو اس وقت تقریباً 3منٹ میں کورونا سے ایک ہلاکت رپورٹ ہو رہی تھی ۔
خیال رہے جنوری میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی اور برطانوی ساختہ ویکسین کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ناقابل اعتماد ہیں اور کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں۔
ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی 'جنہوں نے اتوار کے روز ایرانی ساختہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی تھی' نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ویکسینیشن کو تیز کریں اور وبائی امراض کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔