لاہور : وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گورنر ہاؤس لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے باضابطہ ملاقات کیلئے کوشش کی جو کامیاب نہ ہوسکی ۔ ہیلی کاپٹر کی طرف جاتے ہوئے وزیراعظم نے فردوس عاشق اعوان کا موقف سنا۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تھے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب سمیت کئی لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور تقریب میں بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کیلئے کئی جتن کیے اور وہ وزیراعظم سے ملاقات کیلئے گورنرہاؤس کی انتظارگاہ میں منتظر رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم گورنرہاؤس کے کمرے سے نکلے تو فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی کوشش کی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں ملاقات سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق فردوس عاشق نے ہیلی کاپٹر کی طرف جاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے شکوہ کیا کہ میرےساتھ پنجاب میں یہ کیا ہوا؟ اس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ آپ کوبہترپتا ہوگا، میں نے توپہلے ہی آپ کوبڑی مشکل سے بھجوایا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔