بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو دھول چٹا دی

11:28 PM, 9 Aug, 2021

ڈھاکا : بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو دھول چٹادی ہے۔  شکیب الحسن اور سیف الدین کی شان دار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری اور پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں صرف 120 رنز کا دفاع کرتے ہوئے نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کرلی بلکہ سیریز بھی 1-4 سے اپنے نام کرلی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں میزبان بنگلہ دیش کے کپتان محموداللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ  کا فیصلہ کیا لیکن بلے باز خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

مہدی حسن اور محمد نعیم نے بنگلہ دیش کو 42 رنز کا بہترین آغاز ضرور کیا لیکن ٹرنر نے مہدی حسن کی 13 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد نعیم بھی 57 کے اسکور پر پویلین لوٹے، ان کے 23 رنز میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔

شکیب الحسن 11 رنز بنا کر 60 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے ۔  سومیا سرکار کی اننگز بھی 16 رنز تک محدود رہی تاہم کپتان محمود اللہ نے 14 گیندوں پر 19 رنز بنائے لیکن جب 84 کے اسکور پر بنگلہ دیش کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 122 رنز بنا سکی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے ایک آسان ہدف دےدیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری جس کے بعد بلے بازوں کا آنا جانا لگا رہا تاہم کپتان میتھیوویڈ 22 رنز بنا سکے۔

آسٹریلیا کےسب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بین مک ڈیرموٹ تھے جنہوں نے ایک چھکے کی مدد سے 17 رنز بنائے۔ شکیب الحسن کے سامنے سیریز میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مہمان ٹیم کے دیگر بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہیں کرپائے. مچل مارش اور ایڈم زیمپا 4،4 رنز بنا سکے جو دیگر بلے بازوں میں سب سے زیادہ رنز تھے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم شکیب الحسن اور محمد سیف الدین کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 62 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ 60 رنز سے ہار گئی۔ شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 4 اور سیف الدین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ناسم احمد کے حصے میں دو اور ایک وکٹ محموداللہ کو ملی۔ شان دار باؤلنگ پر مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کو میچ  کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔مین آف سیریز کا ایوارڈ بھی شکیب الحسن لے اڑے۔

مزیدخبریں