حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت، خیبرپختونخوا میں آج سرکاری تعطیل کا اعلان

10:23 PM, 9 Aug, 2021

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت پر صوبے بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا۔ 

ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا جس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا۔ صوبائی حکومت کے تمام ادارے آج بندرہیں گے جبکہ پشاور ہائیکورٹ میں بھی تعطیل ہو گی۔ 

گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا حکومت نے یوم شہادت حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی مناسبت سے یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا اور انتظامیہ نے اعلامیہ بھی جاری کیا تھا . 

اعلامیے کے مطابق یکم محرم الحرام کو یوم شہادت حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی مناسبت سے صوبہ بھر میں عام تعطیل ہوگی اور تعطیل کا دن رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے اعلان سے مشروط ہو گا۔

خیال رہے کہ آج ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آیا جس کے بعد یکم محرم منگل 10 اگست اور  یوم عاشور  جمعرات 19 اگست کو ہوگا۔

محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے چاند دیکھنے کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک میں محرم الحرام کا چاند نظرآگیا اور یوم عاشور جمعرات 19 اگست کو ہوگا۔ محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے بعد  نئے اسلامی سال 1443 ہجری کا آغاز بھی ہوگیا۔

مزیدخبریں