میر پور آزاد کشمیر: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر کا صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود ایل اے تھری میرپور سے ممبراسمبلی منتخب ہوئے تھے اور پہلے ان کا نام وزارت عظمیٰ کی دور میں سب سے مضبوط سمجھا جا رہا تھا مگر چیئرمین تحریک انصاف اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو اس منصب کے لئے موزوں ترین قرار دیا اور انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر بنا دیا۔
بیرسٹر سلطان محمود کو منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ مسلسل نو بار رکن آزاد کشمیر اسمبلی منتخب ہوئے اور حال ہی میں ہونے والے الیکشن میں وہ ایل اے تھری میرپور سے ممبرا سمبلی منتخب ہوئے۔
خیال رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود نے پانچ سال قبل پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی، اس سے قبل وہ پیپلز پارٹی میں بھی رہے، اور وزرات عظمی کے منصب پر بھی فائر رہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 4 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے۔ سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور سے ہے اور وہ دو ہزار چھ میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے منتخب ہوئے اور دو ہزار گیارہ تک وزیر خوراک بھی رہے۔ اُنہوں نے دو سال قبل پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اس سے قبل انوار الحق آزاد کشمیر کے اسپیکر منتخب ہوئے تھے اور ان کا تعلق بھی پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔