پاکستان سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، صدر مملکت

07:36 PM, 9 Aug, 2021

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاکستان سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے لیکن بعض دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خوش نہیں ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کی جانب سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ 

ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہونے والی بات چیت میں فریقین کے خطے میں امن و خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بات چیت کے دوران کہا کہ اسٹریٹجک تعاون و شراکت داری پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔ دونوں دوست ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا رہے گا۔

صدر مملکت نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں ںے ملاقات میں داسو میں جاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے واضح طور پر کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں ںے کہا کہ حکومت پاکستان، چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے موقع پر جموں و کشمیر تنازعہ ، این ایس جی اور ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر چین کی حمایت کو بھی سراہا۔

چین کے سفیر نونگ رونگ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین، پاکستان کو اس ہفتے ویکسین کی مزید 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال کے آخر تک 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔

صدر مملکت سے بات چیت کرتے ہوئے چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان، چین کا قریبی دوست ہے اور چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں