عالمی سطح پر بڑی کامیابی : ابوظہبی ڈائیلاگ کی سربراہی پاکستان کو مل گئی

عالمی سطح پر بڑی کامیابی : ابوظہبی ڈائیلاگ کی سربراہی پاکستان کو مل گئی
سورس: file photo

ابوظہبی : عالمی سطح پر پاکستان نے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان کو آئندہ دو سال کے لیے ابوظبی ڈائیلاگ کی سربراہی مل گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی بھرپور لابنگ کے باوجود ابوظبی ڈائیلاگ کی سربراہی پاکستان کو ملی ہے۔ پاکستان دو سال سے سربراہی حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ ابوظبی ڈائیلاگ کی سربراہی کے لیے مرکزی کردار اوورسیز پاکستانیوں نے ادا کیا۔

ابوظہبی  ڈائیلاگ ایشین ممالک میں تعاون کے لیے 2008 میں قائم کیا گیا تھا۔ ابوظبی ڈائیلاگ کے ممبرز میں بھارت سمیت 18 ممالک شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ابوظبی ڈائیلاگ کی سربراہی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، 2008 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کو سربراہی سونپی گئی ہے۔

زلفی بخاری نے لکھا کہ ذمہ داری دینے پر ابوظبی ڈائیلاگ اور ممبر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سربراہی وزیراعظم کی اوورسیز  پاکستانیوں کے لیے کوششوں کا اعتراف ہے۔