رحیم یار خان میں مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، طاہر اشرفی

رحیم یار خان میں مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، طاہر اشرفی
کیپشن: رحیم یار خان میں مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، طاہر اشرفی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: مولانا طاہر اشرفی نے کہا رحیم یار خان میں مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی جبکہ آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے بین الامذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ رحیم یار خان میں مندر کی توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کیونکہ دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بدامنی ہو جبکہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر اپنے درمیان محبت ، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا قائم کرنے کی خلوص دل سے کوشش کریں گے جبکہ محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور تقریبات میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔ قومی، ملی اور ملکی حالات و معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام متفق و متحد رہیں گے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ دوسرے مسالک کے اکابرین کا احترام کریں گے جبکہ ایک دوسرے کے مقدسات کی توہین اور تنقیص سے اجتناب کریں گے۔ علما کرام خطبہ اور مصنفین اپنی تقرریروں اور تحریروں میں توازن و اعتدال پیدا کریں اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اور تحریروں سے پرہیز کریں جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو سکتی ہے۔ مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت ، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مکالمے کی اصولوں کی روشنی میں طے کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں طے پایا کہ علمائے کرام اور خطبہ واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کریں ان سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ اور ان پر ہونے والے ظلم و جبر کو دنیا تک پہنچائیں گے