لاہور : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور کبھی باغوں کا شہر ہوا کرتا تھا اب لاہور کا شمار پاکستان کے آلودہ شہروں میں ہوتا ہے۔
لاہور کے علاقے سگیاں پل کے قریب دنیا کے سب سے بڑے میاواکی جنگل کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور میں میاواکی جنگل اگایا گیا ہے ۔ یہاں رہا ہوں،یہ باغات کا شہر تھا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج لاہور دنیا کے ماحولیات سے متاثرہ شہروں میں شامل ہے۔میاواکی جنگل لاہور کیلئے بہت اہم ثابت ہوگا۔ فخر ہے پاکستان نے اپنی حیثیت سے آگے نکل کر بہترین اقدامات کئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور ہرا بھرا شہر تھا جسے آلودگی نے تباہ کیا، آج دنیا کے سب سے بڑا میواکی جنگل اگانے پر پنجاب حکومت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کیجانب سے گلوبل وارمننگ کنٹرول کے لیئے اقدامات پر فخر ہے پوری قوم شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ساری تاریخ میں صرف 64 کروڑ درخت اگائے گئے تھے اور ہم نے صرف خیبرپختونخوا میں 5 سال میں ایک ارب درخت اگائے اور اب ہمارا مشن 10 ارب درخت اگانا ہے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کے لیئے بہتر پاکستان بہتر ماحول چھوڑ کر جائیں۔
افتتاح سے قبل وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ میاواکی جنگل عام درختوں سے 10 گنا تیزی سے نمو پاتا ہے۔ میاواکی جنگل 100 کنال اراضی پر محیط ہے،ایک لاکھ 60 ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔