مظفر آباد: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سر دار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے ارتکاب کے بعد بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بیٹھنے اور اس کی صدارت کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بات کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں منعقدہ عالمی یکجہتی کانفرنس برائے کشمیر کے لئے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت بھارت کو گھنائونے جرائم پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے اور اُسے دیا گیا استثنیٰ واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ دو سال سے مسلسل مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور ہزاروں مر دوں، لڑکوں اور بچوں کو جیلوں میں غیر قانونی طور پر زیر حراست رکھا گیا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی اکثریتی مسلم آبادی کو کم کرنے کیلئے بھارت سے لاکھوں ہندوؤں کو غیر قانونی ڈومیسائل جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ بھارت کو روکے اور کشمیریوں کو تباہی و بربادی سے بچانے کے لئے اقدامات کرے۔