لاہور : سعودی عرب کی جانب سے غیر ملکیوں کو عمرے کی اجازت دینے کے بعد پاکستان کے بڑے شہروں میں ٹریولز ایجنٹس کے دفاتر میں لوگوں کا رش لگ گیا۔
سعودی حکومت کی جانب عمرے کے حوالے سے جاری ہونے والے نئے حکم نامے کے بعد پاکستان کے بڑوں شہروں میں ٹریولز ایجنٹس نے نئی بکنگ کا عمل شروع کر دیا ۔ اس کے علاوہ جن لوگوں نے دو سال قبل عمرہ کی سعادت کے لئے ٹریولز ایجنسیوں کو پیسے دیئے تھے انہوں نے بھی ٹریولز ایجنٹس کے دفاتر کا رخ کر لیا ہے۔
عالمی وبا کی وجہ سے جن لوگوں کے عمرہ کے ویزے رکے ہوئے تھے انہیں بھی جاری کیے جائیں گے اور زائرین کو توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے جاری ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک سے جانے والے زائرین کو سرکاری ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا ہو گا اور سرٹیفیکیٹ کو عمرہ درخواست کیساتھ لف کرنا لازمی ہو گا اور درخواست کی منظوری سعودی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منظور شدہ ویکسین لگوانے سے مشروط ہو گی جن میں موڈرونا، ایسٹرا زینیکا، فائزر اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔ اگرچہ سعودی عرب نے چین کی تیار کردہ ویکسینز کے استعمال کی منظوری نہیں دی، مگر چینی ویکسین کے بعد منظور شدہ ویکسینز میں سے کسی ایک کا بوسٹر شاٹ لگوانے والے بھی عمرہ کی سعادت حاصل کر سکے گے۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق یکم محرم الحرام 1443 ہجری سے غیر ملکی عازمین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہو گی۔ روزانہ 60 ہزار افراد کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم جانے کی اجازت ہو گی اور بعد ازاں زائرین کی ماہانہ تعداد 20 لاکھ کر دی جائے گی۔